پنجاب پولیس کا ایک اور جوان فرض کی راہ میں شہید

Sep 16, 2024
پنجاب پولیس کے ایک اور جوان نے فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کر لیا ہے ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں شہید پولیس اہلکار ارشد رؤف کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید اہلکار ارشد رؤف کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا، آئی جی پنجاب کی شہید کے بھائیوں اور اہل خانہ سے ملاقات کی اور  ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کانسٹیبل ارشد رؤف نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کیا، پنجاب پولیس شہید ارشد کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ارشد رؤف شہید کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر میں کوئی کمی نہیں آئے گی، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ارشد رؤف جیسے 1600 شہداء اور 1700 غازیوں کی امین فورس ہے، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ارشد رؤف پر فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے ۔
 
 قبل ازیں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی آئی جی  آپریشنز لاہور کو فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں ۔کانسٹیبل ارشد رؤف نے اسلام پورہ میں محافظ ٹیم کے ساتھ ڈیوٹی کے دوران نامعلوم مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی ، موٹر سائیکل سواروں نے رکنے کی بجائے فائرنگ کی، ارشد رؤف نے سینے میں فائر لگنے سے جام شہادت نوش کیا ۔ کانسٹیبل ارشد رؤف کے لواحقین میں چار بہنیں اور 03 بھائی شامل ہیں
(روز نامہ 92)
***********************