پنجاب پولیس نے بھونگ رحیم یار خان میں کامیاب انٹلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے تنویر اندھڑ گینگ کے سرگرم رکن نوخاف دشتی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پولیس کو فیاض باغ موضع قادر پور کے مقام پر مسلح جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی، پولیس کے ریڈ پر ملزمان نے شدید فائرنگ شروع کر دی، پولیس کی بھرپور جوابی کارروائی، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلہ میں گرفتار ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی، نوخاف دشتی کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ گرفتار ملزم مور زادہ دشتی اور گزشتہ پولیس آپریشن میں ہلاک بدنام زمانہ ڈاکو شہزادہ دشتی کا قریبی ساتھی ہے، ترجمان پنجاب پولیس بے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم قتل،ڈکیتی، پولیس پر فائرنگ جیسے متعدد سنگین مقدمات کا ریکارڈ یافتہ اور دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کے قبضہ سے کلاشنکوف برآمد ہوئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کامیاب کاروائی پر ڈی پی او رحیم یار خان رضوان عمر گوندل، ٹیم کو شاباش دی اور فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی۔ ایس ایچ او بھونگ، سی آئی اے ٹیم صادق آباد کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری کا دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
(روز نامہ جناح)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭