بچوں کی قوت سماعت کی بحالی میں والدین کا اہم کردار: ڈاکٹر عثمان

Sep 12, 2024
 انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ کوکلئیر امپلانٹ سرجری قوت سماعت سے محروم بچوں کیلئے امید کی ایک کرن ہے،کوکلئیر امپلانٹ سرجری اور تھراپی سے مسفید ہونے والے بچے اپنی سماعت و گویائی بحال ہونے کے بعد نارمل زندگی گذارنے کے قابل ہورہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بچوں کی قوت سماعت و گویائی کی بحالی میں والدین کا اہم کردار ہے اور اس مہنگے علاج میں والدین کی مدد کیلئے پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے قوت سماعت و گویائی سے محروم بچوں کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس ویلفیئر برانچ نے اب تک 18بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجریز کروائی ہیں اور مزیدکیسز پر پیش رفت جاری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں نجی ہسپتال کے اشتراک سے پولیس ملازمین کے قوت سماعت و گویائی سے محروم بچوں کیلئے مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے ملازمین اور انکے کوکلئیر امپلانٹ سرجری سے روبصحت بچوں سے گفتگو کی، تقریب میں پولیس ملازمین کے کوکلئیر امپلانٹ سرجری سے مستفید ہونے والے بچوں اور انکے والدین نے شرکت کی۔طبی ماہرین نے کوکلئیر امپلانٹ  سرجری اور سپیچ تھراپی کی اہمیت پر لیکچرز دیئے، نجی ہسپتال سے پروفیسر ڈاکٹر عمران سعید نے پولیس ملازمین کو بچوں کی قوت سماعت اور گویائی کی بحالی کیلئے سپیچ تھراپی کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
(روز نامہ جناح)
*********************