آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پنجاب پولیس کے ملازمین اور انکے کوکلئیر امپلانٹ سرجری سے روبصحت بچوں سے گفتگو،
کوکلئیر امپلانٹ سرجری قوت سماعت سے محروم بچوں کیلئے امید کی ایک کرن ہے، ڈاکٹر عثمان انور
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ کوکلئیر امپلانٹ سرجری قوت سماعت سے محروم بچوں کیلئے امید کی ایک کرن ہے،کوکلئیر امپلانٹ سرجری اور تھراپی سے مسفید ہونے والے بچے اپنی سماعت و گویائی بحال ہونے کے بعد نارمل زندگی گذارنے کے قابل ہورہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بچوں کی قوت سماعت و گویائی کی بحالی میں والدین کا اہم کردار ہے اور اس مہنگے علاج میں والدین کی مدد کیلئے پنجاب پولیس اپنے ملازمین کے قوت سماعت و گویائی سے محروم بچوں کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس ویلفیئر برانچ نے اب تک 18بچوں کی کوکلئیر امپلانٹ سرجریز کروائی ہیں اور مزیدکیسز پر پیش رفت جاری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں نجی ہسپتال کے اشتراک سے پولیس ملازمین کے قوت سماعت و گویائی سے محروم بچوں کیلئے مشاورتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے ملازمین اور انکے کوکلئیر امپلانٹ سرجری سے روبصحت بچوں سے گفتگو کی، تقریب میں پولیس ملازمین کے کوکلئیر امپلانٹ سرجری سے مستفید ہونے والے بچوں اور انکے والدین نے شرکت کی۔طبی ماہرین نے کوکلئیر امپلانٹ سرجری اور سپیچ تھراپی کی اہمیت پر لیکچرز دیئے،
نجی ہسپتال سے پروفیسر ڈاکٹر عمران سعید نے پولیس ملازمین کو بچوں کی قوت سماعت اور گویائی کی بحالی کیلئے سپیچ تھراپی کی اہمیت سے آگاہ کیا،ڈاکٹر عمران سعید نے کہاکہ پاکستان میں 10 ملین افراد سماعت کی کمی کا شکار ہیں،کوکلئیر امپلانٹ سرجری سے متاثرہ بچوں کی قوت سماعت کو 99 فیصد تک بحال کرنا ممکن ہے، طبی ماہرین نے کہاکہ 6 ماہ سے ایک سال کے عرصہ میں کوکلئیر امپلانٹ اور تھراپی کی مدد سے بچوں کی قوت سماعت و گویائی بحال کرنا ممکن ہے،تقریب کے اختتام پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس ریاض نذیر گاڑا نے نجی ہسپتال کے ڈاکٹرز اور ماہرین کو یادگاری شیلڈز دیں، تقریب میں نجی ہسپتال سے ڈاکٹر عمران سعید، ملیحہ سمیع حسین اور اقبال حسین نے شرکت کی جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس اور اے آئی جی ویلفیئر سمیت سینئر افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر893)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Wednesday, September 11, 2024