پنجاب میں بھی قومی طرز کا صوبائی ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ

Sep 07, 2024

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کی طرز پر صوبائی ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کر لیا جس میں ڈیجیٹل دہشت گردی، دہشتگردی کی فنانسنگ اور فیک نیوز کی روک تھام اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں دہشت گردی کی لہر کے پیش نظر پنجاب حکومت نے نیشنل ایکشن پلان کی طرز پر صوبائی ایکشن پلان مرتب کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں محکمہ داخلہ اور آئی جی پنجاب کو ایک ماہ کا وقت دیدیا۔ ذرائع کے مطابق صوبائی ایکشن پلان میں ڈیجیٹل دہشتگردی، دہشتگردی کی فنانسنگ اور فیک نیوز کی روک تھام ترجیحات میں شامل ہے۔اس کے علاوہ مدارس کی جیو ٹیگنگ، سینٹرل ڈیٹا بیس سسٹم اور اسلحہ کلچر کا خاتمہ بھی صوبائی ایکشن پلان کا حصہ ہونگے۔ صو با ئی ایکشن پلان کے تحت جرائم پیشہ افراد کی پروفائلنگ اور شدت پسندوں کا ریکارڈ مرتب کیا جائیگا اور متعلقہ محکمے صوبے میں ففتھ جنریشن ہائبرڈ وار کے انسداد کیلئے اقدامات کرینگے۔ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے محکمہ داخلہ اور آئی جی پنجاب کو آئندہ 30 دنوں میں اقدامات کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز ہر ماہ صوبائی ایکشن پلان کا جائزہ لیں گی۔

(روز نامہ پاکستان)

***********************