پنجاب پولیس کے جوانوں نے انفرادی اور ٹیم کیٹگریز میں سلور میڈلز اپنے نام کر لئے

Sep 08, 2024

پنجاب پولیس کے جوانوں نے سندھ میں اپنی دھاک بٹھا دی ، سپیشل سکیورٹی یونٹ کراچی اور انٹرنیشنل پولیس آرگنائزیشن کے اشتراک سے کراچی میں سیکنڈ ایکسٹریم ہینڈگن چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پنجاب پولیس کے جوانوں نے انفرادی اور ٹیم کیٹگریز میں سلور میڈلز اپنے نام کر لئے، میانوالی پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل افتخار خان نے لا انفورسمنٹ کی انفرادی کیٹگری میں سلور میڈل حاصل کیا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس کی ٹیم نے پاکستان بھر کی فورسز کی ٹیموں کے مقابلے میں سلور میڈل حاصل کیا، مقابلے میں نیوی سیلز، اے ایس ایف سکائی مارشلز، ریپڈ ریسپانس فورس، سپیشل سکیورٹی یونٹ کراچی، انٹیلیجنس بیورو، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کی ٹیمیں مد مقابل تھیں۔ مقابلے میں پاکستان بھر کی فورسز سمیت روسی سفارتکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا ۔ پنجاب پولیس کی ٹیم میں سب انسپکٹر سمیع اللہ خان نیازی مینیجر شوٹنگ پنجاب پولیس شامل تھے جبکہ سب انسپکٹر یاسر علی جوئیہ اور اے ایس آئی اعظم ورک شامل تھے، سپیشل آپریشنز یونٹ سے ہیڈ کانسٹیبل افتخار خان، ہیڈ کانسٹیبل شکیل احمد، کانسٹیبل محمد جاوید پنجاب پولیس ٹیم کا حصہ تھے، شوٹنگ ٹیم میں سی ٹی ڈی سے منصور خان نیازی ، زبیر احمد ڈھلوں اور بلال عبداللہ نے حصہ لیا، پنجاب پولیس نے پچھلے سال بھی انفرادی کیٹگری میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قومی سطح کے مقابلے میں پنجاب پولیس کے جوانوں کی کارکردگی پر فخر ہے ، جوانوں کو فرائض کی بجا آوری کے ساتھ دیگر میدانوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے بھرپور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ اس قسم کے مقابلوں میں شرکت سے جوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار اور بہتری پیدا ہوتی ہے۔ 

********************