انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں 39 سمارٹ پولیس سٹیشنز بھی تیزی کے ساتھ تکمیل کی جانب گامزن ہیں، سمارٹ پولیس سٹیشنز کی تعمیر سےحکومتی خزانے کو تقریبا ساڑھے 04 ارب روپے سے زائد کی بچت حاصل ہو گی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ قبل ازیں ایک تھانے کی تعمیر پر تقریبا 20 سے 25 کروڑ روپے لاگت آتی تھی تاہم جدید ڈیزائنگ اور کثیرالمقاصد بلڈنگ پر مشتمل یہ سمارٹ پولیس سٹیشن اب تقریبا 06 سے 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہو گا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے مجموعی طور پر 99 پولیس سٹیشنز مختلف اضلاع میں زیر تعمیر ہیں ، تمام سمارٹ پولیس سٹیشنز سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز پروٹوکول، ایس او پیز پر فنکشنل ہونگے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ شہر کے گنجان آباد علاقوں میں یہ تھانے پہلے کرایوں کی بلڈنگز میں قائم تھے، سمارٹ پولیس سٹیشنز گنجان آباد علاقوں میں01 سے 02 کنال اراضی پر تعمیر کئے جا رہے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ لاہور کے گنجان آباد میں 22 سمارٹ پولیس سٹیشنز تعمیر کئے جا رہے ہیں، ملتان میں 03، فیصل آباد،گوجرانوالہ رحیم یارخان، راولپنڈی اور سیالکوٹ میں 02 جبکہ اٹک، گجرات، ساہیوال اور شیخوپورہ میں 01 سمارٹ پولیس سٹیشن تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آج سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس کی صدارت کے دوران کیا ۔ اجلاس میں صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں تعمیر ہو رہے تھانوں، سمارٹ پولیس سٹیشنز کے کنسٹرکشن ورک میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا.
(روز نامہ 92)
***********************