2017 سے قبل کے شہدائے پولیس کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا مشن تکمیل کی جانب گامزن

2017 سے قبل کے شہدائے پولیس کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا مشن تکمیل کی جانب گامزن
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ضلع ساہیوال کے 27 شہداء کی فیملیز کو ذاتی گھروں کیلئے پلاٹس فراہم کر دئیے۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے شہداء پولیس کی فیملیز کی مشکلات میں ازالے کیلئے بھرپور ترجیحی اقدامات جاری ہیں جن کے تسلسل میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ضلع ساہیوال کے 27 شہداء کی فیملیز کو ذاتی گھروں کی تعمیر کیلئے پلاٹس فراہم کر دئیے ہیں۔ سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب میں ساہیوال ضلع کے شہداء کے اہلخانہ کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دوران خطاب کہا کہ 2017 سے قبل کے شہدائے پولیس کے اہلخانہ کو گھروں کی فراہمی کا مشن تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے، ساہیوال ریجن میں 2017 سے قبل کے 76 شہداء میں سے 59 کے اہلخانہ کو پلاٹس فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ پاکپتن کے تمام 27 شہدا جبکہ اوکاڑہ کے 37 شہدا کے اہلخانہ کو پلاٹس کی فائلز مل چکی ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس اب تک مجموعی طور پر 2017 سے قبل کے 1375 شہداء میں سے 681 کو پلاٹس فراہم کر چکی ہے۔ محکمہ پولیس نے اپنے وسائل سے ان پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے 23 فیملیز کو 03 کروڑ 80 لاکھ روپے بھی فراہم کئے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے پلاٹس کا انتظام کرنے پر آر پی او ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال کی کارکردگی کو سراہا۔ آئی جی پنجاب نے شہدا کی لازوال قربانیوں کو شایان شان خراج تحسین پیش کرتے ہوئے فیملیز کی سہولت کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہدائے پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں اور انکے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ شہدا کے بچوں کو اعلی تعلیم کیلئے فارن سکالرشپس اور شہید کلیم پر ترجیحی ملازمتیں دی گئیں، شہداء کی فیملیز کی مشکلات میں ازالے کیلئے مزید اقدامات جاری رہیں گے۔ تقریب میں آر پی او ساہیوال محبوب رشید، ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین، ڈی پی او ساہیوال فیصل شہزاد، اے آئی جی ویلفیئر عمارہ شیرازی سمیت دیگر افسران کی شرکت کی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تمام فیملیز کو سنٹرل پولیس آفس میں شہداء وال کا وزٹ بھی کروایا۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر883)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Sunday, September 8, 2024