وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت: پنجاب پولیس کا بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز
رواں سال صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث 38 ہزار 786 ملزمان گرفتار، 70 ہزار 705 مقدمات درج، ترجمان پنجاب پولیس
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرپنجاب پولیس کا لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ٹیمیں بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن میں الیکٹرسٹی کمپنیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کر رہی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ رواں سال یکم جنوری سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث 38 ہزار 786 ملزمان گرفتار کئے گئے، بجلی چوری کرنے والے ملزمان کے خلاف 70 ہزار 705 مقدمات درج کئے گئے، بجلی چوری کے 46 ہزار 463 مقدمات کے چالان مکمل کرکے جمع کروائے گئے، ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 20457 بجلی چور گرفتار کئے گئے، 20775 مقدمات درج کئے گئے، لاہور میں 6506 مقدمات کے چالان جمع کروائے گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے بجلی چوری مقدمات میں چالاننگ کی شرح کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ بجلی چوری مقدمات کے زیادہ سے زیادہ اشتہاریوں کو گرفتار کیا جائے، ریکوری کی شرح کو بہتر بنایا جائے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ بجلی چوری مقدمات کا بلا تاخیر اندراج کرتے ہوئے متعلقہ کمپنیوں کے اشتراک سے سخت لائحہ عمل اپنایا جائے، آئی جی پنجاب نے کہاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرنس کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر840)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
Press Release Date:
Monday, August 26, 2024