وزیراعلیٰ مریم خودرحیم یار خان پہنچ گئیں،کچے میں شہیداہلکاروں کے بچوں کو مفت تعلیم،گھر،نوکریاں دینے کااعلان

Aug 25, 2024
لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پولیس کا حوصلہ بڑھانے کیلئے خودرحیم یار خان پہنچ گئیں ، زخمیوں کی عیادت کی اور شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی ، دلاسہ دیا، شیخ زید ہسپتال کا دورہ کیااور کچہ میں ڈاکوؤں کے حملے میں زخمی پولیس جوانوں کی عیادت کی، زخمی وسیم ارشد،بلال،فاروق، نبیل شہزاد، زاہد،سعیداورمحمد ایوب کے لئے صحت یابی کی دعا کی ، زخمی جوانوں کے والدین اوراہل خانہ سے بھی ملاقات کی، زخمی سپاہی بلال نے کہاکہ حوصلے بلند ہیں،ٹھیک ہوکر پھر مقابلہ کرینگے۔امن دشمنو ں سے لڑتے رہیں گے۔وزیر اعلیٰ نے بلال کو شاباش دی اور اسے قابل فخر قرار دیا-وزیراعلی نے کہاکہ پولیس کے جوان بھائیوں اور بیٹوں کی مانند ہیں۔انکی تکلیف کو اپنی پریشانی سمجھتی ہوں۔ حملہ کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ وزیر اعلی نے ہسپتال کے ڈاکٹر اور سٹاف کی بھی بات سنی اور مسئلہ حل کرنے کی ہدا یت کی- بعدازاں وزیر اعلیٰ نے ڈی پی او آفس میں شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی-پولیس شہدا میں محمد عمران،راشد، ساجد،احمد،زاہد،منیر،نذر عباس،انس ستاراورعبداللہ شامل تھے-راہ حق کیلئے جان دینے والوں تین ہندو جوان اجے رام، بیرم رام اور راجہ کنول بھی تھے-وزیر اعلیٰ نے شہدا کے والدین، اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات کی اور شہدا کے لئے دعا مغفرت کی، غمزدہ اہل خانہ کو دلاسہ دیا، باری باری شہدا کے ورثا کے پاس گئیں -شہداء کے ورثا آبدیدہ ہوگئے،وزیراعلی نے دلاسہ دیا-وزیر نے شہید اہلکاروں کی والدہ اور بیوہ کو حوصلہ دیااور روتی ہوئی بیوہ خاتون کو گلے لگا لیا ، شہید اہلکار کے کمسن بچوں سے پیار کیا اورکہاکہ کوتاہی ہوئی،غلطی کا ازالہ کریں گے آئندہ ایسا واقعہ نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ہر شہید قوم کا ہیرو ہے، سوگوار خاندان بھرپور کفالت کی جائے گی۔ شہدا کے بچوں کو مفت تعلیم، گھر اور نوکری بھی دی جائے گی۔ڈاکوؤں کے حملے میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کا غم بیان کرنے کے لئے الفاظ نہیں۔ محمد نواز شریف صاحب نے اطلاع ملتے ہی مجھے فورآ سوگوار خاندانوں کے پاس جانے کو کہا۔ وزیراعلی نے کہاکہ ہرجان قیمتی ہے،پولیس ا ہلکاروں کی حفاظت بھی یقینی بنائیں گے۔کچہ کے مسئلہ کا مستقل حل ڈھونڈنا ہوگا، چیک پوسٹوں کی تعمیر جلد مکمل کی جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو ڈی پی او آفس کمیٹی روم میں تفصیلی بریفنگ دی گئی-وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو کچہ میں ہونے والے سانحہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا -چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، معاون خصوصی راشد نصر اللہ، ہوم سیکرٹری نور الامین مینگل، آئی جی پولیس ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جیز،پولیس اور انتظامی حکام بھی ہمراہ تھے- علاوہ ازیں -وزیر اعلی پنجاب نے سینئر صحافی عامر الیاس رانا کی والدہ کے انتقال پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار اہل خانہ سے تعزیت کی۔
(روز نامہ جنگ)
************************