آئی جی پنجاب کا کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف کارروائی کیلئے آئی جی سندھ سے رابطہ

Aug 25, 2024

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس عثمان انور نے کچے میں ڈاکوؤں کیخلاف بھرپور کریک ڈائون کیلئے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے رابطہ کیا اور ڈاکوؤں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔غلام نبی میمن نے کہا کہ آئی جی پنجاب عثمان انور اور میرے درمیان یہی گفتگو ہوئی ہے کہ سندھ میں گھوٹکی اور کشمور، پنجاب میں راجن پور اور رحیم یار خان کے باڈر ایریاز میں دونوں صوبوں کی پولیس فورس بھرپور کریک ڈاؤن کرے گی۔ آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ پنجاب اور سندھ پولیس کی جانب سے ڈاکوؤں کی خفیہ آپریشن کی شیئرنگ چلتی رہتی ہے، پنجاب پولیس کو اگر سندھ میں مدد کی ضرورت ہوتی ہے تو پولیس اُن کے ساتھ موجود ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں سندھ اور پنجاب کے باڈر ایریاز میں ڈاکوؤں کے خلاف کریک ڈاؤن میں دونوں صوبوں کی پولیس کو ایک دوسرے کی مدد کی ضرورت پڑتی رہی ہے اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

(روز نامہ جنگ)

**********************