چہلم حضرت امام حسین ؓ اور سالانہ عرس صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری ؒ کی آمد

Aug 25, 2024

 

عزاداری جلوسوں، مجالس اور عرس تقریبات کے لئے پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات مکمل،

چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر 680 مجالس اور 382 عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی فرائض 30 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سر انجام دیں گے، ڈاکٹر عثمان انور

چہلم حضرت امام حسین ؓ  اور سالانہ عرس صوفی بزرگ حضرت داتا علی ہجویری ؒ کی آمد کے پیش نظر پنجاب پولیس نے عزاداری جلوسوں، مجالس اور عرس تقریبات کے سکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجالس، عزاداری جلوسوں اور عرس تقریبات کے بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں گے، چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر صوبہ بھر میں 680 مجالس منعقد اور 382 عزاداری جلوس برآمد ہوں گے، 30 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیں گے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سپیشل پولیس، ٹریفک پولیس اور والنٹیرز بھی سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سیف سٹی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرز سے سکیورٹی انتظامات میں بھرپور استفادہ کیا جائے گا، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ لاہور میں 44 مجالس، 05 جلوسوں کی سکیورٹی پر 07 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہونگے۔ 

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور  نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو حساس مجالس اور جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی ہدایت کی ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ لاہور میں حضرت داتا علی ہجویری رحمتہ اللہ کے عرس کے موقع پر ملک بھر سے آنیوالے زائرین کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں، سپیشل کنٹرول رومز سے چہلم جلوس و مجالس اور عرس تقریبات کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے، ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ عزاداری جلوسوں کے روٹس میں آنے والی عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ خواتین عزاداروں کی سرچ اور سکیورٹی کیلئے لیڈی اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہونگی، آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ امن کمیٹیوں ، کمیونٹی لیڈرز اور سول سوسائٹی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز موثر کوارڈی نیشن یقینی بنائیں جبکہ سکیورٹی پر مامور اہلکاروں کو ڈیوٹی کی حساسیت بارے موثر بریفنگ دی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض مزید تندہی اور فرض شناسی کے ساتھ سر انجام دے سکیں۔

********************