لاہور(خصوصی نمائندہ،کر ائم رپو رٹرسے،اپنے نامہ نگار سے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے برق رفتار ایکشن لیتے ہوئے رحیم یار خان کچے میں راکٹ حملے میں ملوث گینگ کو محاصرے میں لے لیا،پولیس کارروائی سے سرغنہ بدنام زمانہ ڈاکوبشیر شر مارا گیا ، پانچ ساتھی بری طرح زخمی ہوگئے-زخمی ڈاکوؤں میں ثناء اللہ شر، گدا علی، کملو شر، رمضان شر اور گدی شامل ہیں - مزید ڈاکوؤں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں ، وزیراعلی مریم نے بشیر شر کو جہنم واصل کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش د یتے ہوئےکہا ہےکہ کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کا عزم پورا کرینگے۔ پولیس شہدا کی قربانی نہیں بھول سکتے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا ،ہلاک ہونے والا ڈاکو بشیر شر گذشتہ روز پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا تمام ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا ،لاوہ ازیں وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کچے کے خطرناک ترین ڈاکوؤں یعنی ہائی ویلیو ٹارگٹس کے سر کی قیمت 1 کروڑ روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
خطرناک ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے جبکہ تیسری کیٹگری کے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعلی نے سیکرٹری داخلہ پنجاب کو نوٹیفیکیشن جاری کرنے کی ہدایت کردی،سیکرٹری داخلہ نے پولیس حکام کے ساتھ جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور مستقبل کے لائحہ عمل بارے اجلاس کی صدارت کی۔ شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی،سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب اور اعلیٰ سول و ملٹری حکام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا ریاست کی رٹ پوری طرح قائم کی جائے گی،وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے عزم اور حوصلے کو سراہتا ہوں ،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں کو تمغہ شجاعت دیا جائے گا، اس ضمن میں ہم نے سفارش کر دی ہے۔
(روز نامہ جنگ)
*********************
