لاہور (کر ائم رپو رٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پنجاب پولیس انسداد جرائم کے ساتھ ساتھ شہریوں کو سروسز ڈلیوری کی بآسانی فراہمی پر یکساں توجہ دے رہی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کا ہر ڈاکومنٹ کیو آر کوڈ سے منسلک ہے جس پر شہریوں کا فیڈ بیک قابل ستائش ہے اور اس فیڈ بیک کی روشنی میں سروسز کے معیار کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس، انتظامیہ اور دیگر اداروں کی مشترکہ کاوشیں شہریوں کی مشکلات میں خاطر خواہ کمی لا سکتی ہیں،لہذتمام افسران عوام کی مشکلات کے فوری ازالہ اور انصاف کی باآسانی فراہمی کو اپنا نصب العین بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ پنجاب کے تمام اضلاع کو سیف سٹی ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا کام تیزی سے مکمل کیا جارہا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں سندھ حکومت کے 7ویں سول سروسز ٹریننگ پروگرام میں زیر تربیت افسران کے مطالعاتی دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں آئی جی کی ہدایت پر کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ میں محکمانہ پروموشن بورڈ کا اجلاس ہوا، جس میں 25 سی ٹی ڈی کارپورلز کو گریڈ 14 میں بطور انڈر آفیسر ترقی کی منظوری دی گئی۔ 13 کارپورلز کو ریگولر جبکہ 12 کو آفیشیٹنگ بنیادوں پر اگلے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔
(روز نامہ جنگ)
**************************
