خون دل دے کے نکھاریں گے رخ برگ گلاب،
ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے،
یومِ آزادی پر پنجاب پولیس کا ایک اور بہادر سپوت وطن کی خاطر جام شہادت نوش کر گیا،
آئی جی پنجاب کا شہید ہونے والے کانسٹیبل ضیا اختر کی قربانی کو بھرپور خراج تحسین،
وطن عزیز کے یومِ آزادی پر پنجاب پولیس کا ایک اور بہادر سپوت وطن کی خاطر جام شہادت نوش کر گیا، خوشاب کے علاقے جبی قائد آباد میں کانسٹیبل ضیا اختر نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس مقابلے کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہید ہونے والے کانسٹیبل ضیا اختر کی قربانی کو بھرپور خراج تحسین کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کانسٹیبل ضیا اختر نے بہادری سے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کیا، پنجاب پولیس یوم آزادی پر لازوال قربانی پیش کرنے والے شہید کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہید کے اہلخانہ کی بہترین ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جائے گا، آئی جی پنجاب نے واقعہ میں زخمی ایس ایچ او رانا فیضان اور کانسٹیبل جمشید کی بہترین نگہداشت کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہمی میں کوئی کمی نہ آئے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او سرگودھا سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے اشتہاری ملزم سیف عرف سیفو کی گرفتاری کیلئے دوھکڑی گاؤں میں ریڈ کیا، ملزمان کی فائرنگ سے کانسٹیبل ضیا اختر سینے پر گولی لگنے سے شہید، ایس ایچ او رانا فیضان اور کانسٹیبل جمشید زخمی ہوئے۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں خطرناک اشتہاری ملزم سیفو ساتھیوں سمیت کیفر کردار کو پہنچا، شہید کانسٹیبل ضیا اختر کی نماز جنازہ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز جوہر آباد میں ادا کر دی گئی جس کے بعد اسے آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر798)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Wednesday, August 14, 2024