آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی پولیس فورس کی جانب سے قوم کو 78 ویں یوم آزادی کی مبارک باد، صوبہ بھر میں منعقدہ تقریبات کے سخت سکیورٹی انتظامات
لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر مامور ہونگے، ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وطن عزیز کے 78 ویں جشن آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو پولیس فورس کی جانب سے دلی مبارک باد دی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آزادی اللہ پاک کی بیش قیمت نعمت ہے، 14 اگست کے روز ارض پاک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا تجدید عہد دہراتے ہیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ زندہ قومیں باوقار انداز میں اپنا جشن آزادی مناتی ہیں، شہری جشن آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے قومی وقار اور تہذیب کا دامن ہرگز نہ چھوڑیں، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فرض کی راہ میں پنجاب پولیس کی 1638 سے زائد شہادتیں ارض وطن سے لازوال محبت کی علامت ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کی ہدایت پر پنجاب پولیس نے وطن عزیز کے 78 ویں یوم آزادی پر منعقدہ پروگرامز کے سکیورٹی انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ یوم آزادی پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، شرپسند و ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی، جشن آزادی کی تقریبات اور شہریوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سی سی پی او لاہور، آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز جشن آزادی سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کریں گے، ہلڑ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، روڈز بلاک، خواتین کو تنگ کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق سخت کاروائی کی جائے گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہری اسلامی شعار، قومی تہذیب کے مطابق آزادی کو بھرپور انجوائے کریں، تہذیب کا دامن نہ چھوڑیں، آئی جی پنجاب نے کہاکہ پولیس، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی، انٹیلی جنس ایجنسیاں، پٹرولنگ، ڈولفن سکواڈ،پیرو، ٹریفک پولیس بہترین انتظامات یقینی بنائیں گے، پولیس افسران و اہلکار شہریوں کو جشن آزادی کی خوشیاں منانے کیلئے پر امن ماحول فراہم کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ جشن آزادی پر لاہور سمیت صوبہ بھر میں 450 سے زائد پروگراموں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،ان پروگرامز میں اے پلس کیٹیگری کے 07، اے کیٹیگری کے 47، بی کیٹیگری کے 370 پروگرامز شامل ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہاکہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں پروگرامز کی سکیورٹی کیلئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی و ٹریفک انتظامات پر مامور ہونگے،311 ایلیٹ فورس، 163 کیو آر ایف ٹیمیں، 811 پٹرولنگ وہیکلز، 1460 موٹر سائیکل سوار ٹیمیں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گی، 150 واک تھرو گیٹس، 1500 میٹل ڈٹیکٹرز سے سکیورٹی انتظامات میں معاونت لی جائے گی، سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی، ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدکہاکہ صوبائی دارالحکومت میں 10 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات پر تعینات ہونگے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر794)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Tuesday, August 13, 2024