بجلی چوری کی روک تھام اور ملزمان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں فالو اپ ویڈیو لنک اجلاس

بجلی چوری کی روک تھام اور ملزمان کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیلئے سنٹرل پولیس آفس میں فالو اپ ویڈیو لنک اجلاس
ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر کی زیر صدارت اجلاس میں پولیس، لیسکو اور ایف آئی اے افسران کی شرکت۔
ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے بجلی چوری کی روک تھام اور ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے فالو اپ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں پنجاب پولیس، لیسکو اور ایف آئی اے افسران نے شرکت کی، ایس ایس آپریشنز لاہور تصور اقبال،شیخوپورہ اور ساہیوال ریجن کے آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں بجلی چوروں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن اور گذشتہ میٹنگ میں مقرر کئے گئے اہداف کا جائزہ لیا گیا۔ پولیس اور لیسکو ٹیموں کے باہمی تعاون سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ لیسکو کی جانب سے بھجوائے گئے استغاثوں پر ایف آئی آر کا اندراج بلا تاخیر یقینی بنایا جائے، لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ، قصور اور ساہیوال میں بجلی چوری میں ملوث بڑے مجرمان کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کی جائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب نے کہاکہ پنجاب پولیس کی ٹیمیں لیسکو کو بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں ہر ممکن معاونت فراہم کرتی رہیں گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے ہدایت کی کہ بجلی چوری مقدمات کی چالان شرح کو مزید بہتر بناتے ہوئے 85 فیصد تک لایا جائے، بجلی چوری مقدمات کے اشتہاریوں کو فوری قانون کی گرفت میں لا کر قرار واقعی سزائیں دی جائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب نے ہدایت کی کہ لیسکو ٹیموں کے ساتھ ڈیٹا شئیرنگ سے ریکارڈ کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے اعداد و شمار کے فرق کو دور کیا جائے۔ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب وقاص نذیر نے کہاکہ بجلی چوروں کی معاونت کرنے والے لیسکو ملازمین کے استغاثے ایف آئی اے کو بھیجے جائیں۔ اجلاس میں پولیس، لیسکو اور ایف آئی اے افسران نے بریفنگ اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر792)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
Press Release Date: 
Monday, August 12, 2024