لاہور (آصف محمود بٹ ) وزیر اعلی مریم نواز کی طرف سے پنجاب پولیس کے لئے وضع کردہ کارکردگی کے اشاریوں (کے پی آئیز) کےمثبت نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق وزیر اعلی، چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کی پولیس کارکردگی کو جانچنے کی سخت مانیٹرنگ کے باعث پچھلے ایک ماہ کے دوران صوبے بھر میں پتنگ بازی اور دھاتی ڈور پھرنے سے کوئی شہری ہلاک نہیں ہوا۔ دستاویزات کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران ہوائی فائرنگ سے صرف ایک ہلاکت ہوئی اور یہ واقعہ لاہور میں ہوا ۔ اس کے علاوہ کہیں کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔ دستاویزات کے مطابق صوبے میں خواتین کی طرف سے تشدد سمیت دیگر جرائم کے متعلق 20ہزار 748 شکایات درج کروائی گئیں جن پر 997مقدمات درج ہوئے۔ اس طرح پچھلے اعدادو شمار کے نتیجے میں صرف ایک ماہ کے دوران خواتین کیساتھ جرائم کیخلاف درج مقدمات میں 5فیصد اضافہ ہوا۔ خواتین کے ساتھ جرائم کے سب سے زیادہ واقعات4790 لاہور میں رپورٹ ہوئے جن کے نتیجے میں 120 مقدمات درج ہوئے۔ خواتین کے خلاف جرائم کی میں فیصل آباد 1629شکایات کے ساتھ دوسرے ، راولپنڈی 1489شکایات کیساتھ تیسرے جبکہ گوجرانوالہ 1207شکایات کیساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب پولیس کی طرف سے صوبے بھر میں بنائے گئے کیسوں کے حل کے لئے بنائے تحفظ و میثاق سنٹرز کی کارکردگی سب سے بہترین رہی۔ پنجاب کے 36اضلاع کے ریکارڈ کے مطابق تحفظ و میثاق سنٹرز میں 5ہزار 520کیسز آئے اور پولیس کو 100فیصد کیسوں میں معاملات حل کروانے میں کامیابی ہوئی۔
(روز نامہ جنگ)
**********************