قومی یوم شہداء پولیس : پنجاب پولیس نے یوم شہداء پولیس انتہائی عقیدت و احترام اور بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا
لاہور سمیت صوبہ بھر میں شہداء پولیس کے اعزاز میں خصوصی تقاریب کا انعقاد ، شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔
پولیس ٹریننگ کالج لاہور میں شہدا ڈے کی مرکزی تقریب منعقد، شہداء کے بچوں میں لیپ ٹاپس اور بائیسکلز تقسیم کی گئیں۔
کوئی بھی شے شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتی ، امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کا مرہون منت ہے ۔ آئی جی پنجاب
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی پنجاب پولیس نے یوم شہداء پولیس بھرپور جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا ۔ پولیس شہدا ڈے کی مرکزی تقریب کا انعقاد پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں کیا گیا ۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، کمانڈنٹ ڈی آئی جی محبوب اسلم للہ سمیت سینئر پولیس افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کالج آڈیٹوریم میں منعقدہ پروگرام میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین تعلیمی کارکردگی کے حامل شہدا پولیس کے بچوں میں 65 لیپ ٹاپس تقسیم کئے۔ شہدا پولیس کے بچوں کی بائیسکلز سمیت دیگر تحائف سے حوصلہ افزائی کی گئی ۔ پروگرام میں شہداء پولیس کے بچوں اور اہلخانہ نے شہدا کی یاد میں نظمیں اور ٹربیوٹ مضامین پیش کئے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کو شایان شان خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر جوان ہمارے اصل ہیروز ہیں ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ کوئی بھی شے شہداء پولیس کی لازوال قربانیوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی ، امن شہداء کی بے مثال قربانیوں کا مرہون منت ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پوری قوم پولیس کے ہیروز کو سلام پیش کرتی ہے ، چار اگست پولیس فورس کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ فرض کی راہ میں گولیوں کے سامنے سینہ سپر ہونے والے پولیس فورس کے 100 غازیوں کو 01 کروڑ روپیہ دے رہے ہیں ۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ آج کے دن پہلے سے بڑھ کر محنت ، فرض شناسی اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ۔ تقریب میں سینئر پولیس افسران نے بھی خطاب کرکے شہداء پولیس کو شایان شان خراج تحسین پیش کیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر ریاض نذیر گاڑا، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ محبوب اسلم للہ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ٹریننگ کالج لاہور کی یادگار شہداء پر شہدائے پولیس کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، لازوال قربانیوں کے اعتراف میں پولیس جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں یوم شہدا پولیس کے موقع پر خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ، پولیس کے چاک و چوبند دستوں نے شہدا کی یادگاروں اور قبروں پر سلامی پیش کی، شہدا پولیس کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں گئیں، فاتحہ خوانی کی گئی، مساجد میں پولیس شہدا کی ارواح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی، درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں، سینئر پولیس افسران کی شہدا پولیس کے اہل خانہ اور بچوں سے ملاقات، شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ، شہدا پولیس اور ان کے اہل خانہ سے اظہار یکجہتی کے لئے تقاریب منعقد، ریلیاں نکالی گئیں، سینئر پولیس افسران، شہداء کے اہلخانہ، اکیڈیمیا، سول سوسائٹی سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شہداء ڈے پروگرام میں شرکت کی۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یوم شہداء پولیس کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن شہداء کے ساتھ تجدید عہد کا دن ہے، زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس افسران اور جوانوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ہر سال 04 اگست یوم شہداء پولیس کے طور پر جوش و جذبے سے مناتی ہے، پنجاب پولیس کے 1638 بہادر شہداء نے امن و امان کے قیام، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف لڑتے ہوئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہداء پولیس نے اپنے آج کو وطن عزیز پر قربان کرکے قوم کے کل کو محفوظ بنایا، آئی جی پنجاب نے کہا کہ اپنے لخت جگر وطن عزیز پر قربان کرنے والے شہیدوں کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں، شہادت کا عظیم مقام حاصل کرنے والے ان عظیم سپوتوں کی فیملیز کو بھی میرا سلام ہے، آئی جی پنجاب نے کہا کہ بحیثیت سربراہ پنجاب پولیس شہداء کے خاندانوں کی بہترین ویلفیئر میری اولین ترجیح ہے، خوشی اور غمی کے ہر موقع پر محکمہ پولیس اور فورس آپ کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی ۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر765)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Sunday, August 4, 2024