کوٹلہ ارب علی خاں ،لاہور(نامہ نگار،کرائم رپورٹر سے)گجرات کے علاقہ تھانہ ککرالی کے موضع سمرالہ کے رہا ئشی مخالفین نےفائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے چار افراد قتل کر دیئے۔ محمد عرفان ، عطا الرحمٰن ولد سلطان،سفیان ولد عرفان اور شہزاد ولد عطاء الرحمن کیری ڈبہ پر پیشی پر کھاریاں جا رہے تھے کہ موضع لادیا ں کے قریب گھات لگائے ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی،جس سے چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی کھاریاں سرکل پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور لاشوں کو گاڑی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا۔پولیس تھانہ ککرالی نے مدعی محمد آصف کی درخواست پر ملزمان محمد فاروق اورمحمد مطلوب،احمد،صائم ،خرم،محمد یونس اور 4 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔مقتولین پر الزام تھا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل محمد فاروق کے بیٹے کو قتل کر دیا تھا ۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈی پی او گجرات کو ملزمان کی جلد گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے ، ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
(روز نامہ جنگ)
*********************