پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل اور انٹرپول اسلام آباد کا مشترکہ بین الاقوامی آپریشن

پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل اور انٹرپول اسلام آباد کا مشترکہ بین الاقوامی آپریشن
قتل سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب 09 خطرناک اشتہاری متحدہ عرب امارات سے گرفتار
گرفتار اشتہاریوں میں عرفان اصغر، فرحان نزاکت، ثمر عباس، نجیب اللہ، صدام حسین،محمد رفیق، محمد ثاقب، محمد عثمان اور طارق محمود شامل۔
 
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی زیرنگرانی پنجاب پولیس کا سنگین جرائم میں مطلوب بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاریوں کیلئے کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے، اسی سلسلے میں پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل اور انٹرپول اسلام آباد نے مشترکہ بین الاقوامی آپریشن کرتے ہوئے قتل، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین جرائم میں مطلوب 09 خطرناک اشتہاری مجرمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا ہے۔ انسپکٹر خالد وریاہ کی قیادت میں سپیشل آپریشنز سیل کی ٹیم 09 اشتہاریوں کو لے کر متحدہ عرب امارات سے لاہور ائیر پورٹ پر پہنچی۔ گرفتار اشتہاریوں میں عرفان اصغر، فرحان نزاکت، ثمر عباس، نجیب اللہ، صدام حسین، محمد رفیق، محمد ثاقب، محمد عثمان اور طارق محمود شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اشتہاری محمد رفیق شہریوں کے قتل، دہشت گردی کے مقدمات میں 2011ء سے ڈیرہ غازی خان پولیس کو مطلوب تھا، اشتہاری طارق محمود شہری کے قتل کے مقدمہ میں 14 برس سے فیصل آباد پولیس کو مطلوب تھا، اشتہاری عرفان اصغر بیوی کے قتل کرکے لاش غائب کرنے کے جرم میں تھانہ بڈیانہ سیالکوٹ پولیس کو مطلوب تھا، اشتہاری فرحان نزاکت 02 سال سے قلعہ دیدار سنگھ گوجرانوالہ پولیس کو 16 سالہ لڑکے کے قتل میں مطلوب تھا، اشتہاری ثمر عباس عارفوالہ میں شہری کے قتل میں پاکپتن پولیس کو 03 برس سے مطلوب تھا، اشتہاری نجیب اللہ شہری کے قتل میں ڈیرہ غازی خان پولیس کو 10 برس سے مطلوب تھا، اشتہاری صدام حسین بھکر پولیس کو 2018ء سے ڈکیتی کے مقدمہ میں مطلوب تھا، اشتہاری محمد ثاقب اقدام قتل کے مقدمہ میں 01 سال سے پسرور سیالکوٹ پولیس کو مطلوب تھا،اشتہاری محمد عثمان شہری کے قتل کے مقدمہ میں 04 سال سے سیالکوٹ پولیس کو مطلوب تھا،
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے اے کیٹیگری خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری میں بڑی کامیابی پر آر پی او گوجرانوالہ طیب حفیظ چیمہ، سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم کی ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاریوں کی مجموعی تعداد 59 ہو گئی ہے۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ملزمان کے ریڈ نوٹسز جاری کروائے، گرفتاری کیلئے مسلسل فالو اپ جاری رکھا اور بالاخر گرفتار کرکے پاکستان منتقل کردیا، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ قانونی مراحل مکمل کرکے تمام اشتہاریوں کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں، آئی جی پنجاب کی اے کیٹیگری کے دیگر خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ انٹرپول اور ایف آئی اے کے ساتھ تعاون سے مزید اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرکے واپس پاکستان لایا جائے اور سخت سے سخت سزائیں دلوائی جائیں۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر716)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Thursday, July 18, 2024