آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا شیخوپورہ میں جام شہادت نوش کرنے والے اے ایس آئی محمد نواز کو شاندار خراج عقیدت
پی ایچ پی میں تعینات اے ایس آئی محمد نواز نے قلعہ ستار شاہ کے علاقہ میں ڈاکوؤں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا۔
اے ایس آئی محمد نواز کی نماز جنازہ پولیس لائن شیخوپورہ میں ادا، ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، آ رپی او شیخوپورہ سمیت سینئر افسران کی شرکت
لاہور 16 جولائی: انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شیخوپورہ میں جام شہادت نوش کرنے والے اے ایس آئی محمد نواز کو شاندار خراج عقیدت کیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ اے ایس آئی محمد نواز نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کیا، محکمہ لازوال قربانی کبھی فراموش نہیں کرے گا، شہید اہلکار کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔شہید اے ایس آئی محمد نواز کا تعلق پنجاب ہائی وے پٹرول (پی ایچ پی) سے ہے۔ اے ایس آئی محمد نواز نے دوران ڈیوٹی قلعہ ستار شاہ میں موٹر سائیکل سوار مشکوک افراد کو روکا، موٹر سائیکل سوار ملزمان نے رکنے کی بجائے فائرنگ کردی، اے ایس آئی محمد نواز سینے پر فائر لگنے سے شہید ہوگیا، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا، اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے مفرور ملزم کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں پیش کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ سپروائزری افسران شہید اے ایس آئی کے اہلخانہ سے قریبی رابطہ رکھیں اور انکی مشکلات کے بروقت ازالے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔
پنجاب پولیس کے شہید اے ایس آئی محمد نواز کی نمازِ جنازہ پولیس لائن شیخوپورہ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول عبدالکریم اور ڈی آئی جی ڈاکٹر محمد اطہر وحید، آر پی او شیخوپورہ ریجن اطہر اسماعیل، ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ نے شرکت کی، سیاسی سماجی، سول سوسائٹی، صحافی، وکلاء اور پولیس افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں موجود تھی،پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید اے ایس آئی محمد نواز کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول، ڈی آئی جی پی ایچ پی، آر پی او شیخوپورہ ریجن اور ڈی پی او شیخوپورہ نے شہید کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، شہید کو ان کے آبائی علاقہ کوٹ عبدالمالک کے قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ 40 سالہ شہید اے ایس محمد نواز کے اہلخانہ میں اہلیہ اور دو بیٹے شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس اے ایس آئی محمد نواز جیسے 1600 سے زائد شہداء اور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے، تمام شہداء کی فیملیز کی بہترین ویلفیئر کے لیے ترجیحی اقدامات جاری ہیں۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر710)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Tuesday, July 16, 2024