پولیس نے بارش‘ مجالس، عزاداری جلوسوں میں مستعدی سے ڈیوٹی دی: آئی جی پنجاب

Jul 13, 2024

لاہور(نامہ نگار)صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کے دوران پنجاب پولیس کی ٹیموں نے محرم سکیورٹی ڈیوٹی اور شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیساتھ ساتھ امدادی سرگرمیوں کے فرائض بھرپور تندہی اور ذمہ داری کیساتھ ادا کئے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کے افسران اور جوانوں نے ہائی الرٹ ہوکر فرائض اداکرتے ہوئے بارش سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت کی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس افسران و اہلکار بارشوں کے دوران مجالس، عزاداری جلوسوں میں مزید مستعدی سے ڈیوٹی فرائض انجام دئیے، سپروائزری افسران نے اپنے اضلاع میں بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو خود مانیٹر کرتے ہوئے بروقت اقدامات یقینی بنائے۔ پنجاب پولیس ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے،پنجاب پولیس کے کنٹرول رومز سے بھی بارش سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، آئی جی پنجاب نے آرپی اوز، ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ خود فیلڈ میں ریسکیو اینڈ ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیں، پولیس افسران و اہلکار لاہور سمیت بارش سے متاثرہ سڑکوں سے نکاسی آب میں واسا اور دیگر اداروں کو بھرپو رتعاون فراہم کیا۔ بارش کی وجہ سے متاثرہ شہریوں کو ریسکیو کرنے میں متعلقہ اداروں کی بھرپور معاونت کی جا رہی ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے تمام سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ آئندہ دنوں میں مزید بارش کے امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار انتہائی الرٹ رہیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭