لاہور (کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاہے گولیوں کی بوچھاڑ کے سامنے سینہ سپر جوانوں کی ہمت اور بہادری ہی محکمہ پولیس کی اصل طاقت ہے، وردی کا حق خون سے ادا کرنیوالے جوانوں کی شجاعت اور بہادری کے تہہ دل سے معترف ہیں، غازی جوانوں کی حوصلہ افزائی اور جلد از جلد بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے، فرض کی راہ میں جان کی بازی لگانے والے تمام جوانوں کے نام سنٹرل پولیس آفس میں غازی وال پر درج کئے گئے ہیں، خصوصی غازی میڈلز سے نوازنے کیساتھ ساتھ انہیں غازی پیکچ کی مراعات بھی دی جارہی ہیں،فرض شناس اور بہادر جانباز افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی محکمہ پولیس کی احسن روایت ہے جس کا سلسلہ ہر سطح پر جاری رہیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں غازی افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں سجائی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہاولپور ریجن کے 18 کانسٹیبلز کو آئی جی پی غازی میڈلز سے نوازا،غازی میڈل حاصل کرنیوالوں میں رحیم یار خان کے 15، بہاولنگر کے2 بہاولپور کا1 اہلکار شامل ہیں، شر پسند عنا صر کے راکٹ لانچر حملہ میں شدید زخمی ہونیوالے رحیم یار خان پولیس کے 6 جوانوں کو غازی میڈلز سے نوازا گیا،ملزمان کی فائرنگ میں بینائی سے محروم اور معذور ہونیوالے کانسٹیبل عدیل جمیل کی غازی میڈل سے حوصلہ افزائی کی گئی۔
(روز نامہ جنگ)
**********************
