آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لاہور پولیس کے کرائم فائٹر افسران و اہلکاروں کو کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا۔
آرگنائزڈ کرائم ونگ کی 12، انویسٹی گیشن کی 06 اور آپریشن ونگ کی 01 ٹیم کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور پروفیشنل سکلز سے کریک ڈاؤن کو مزید موثر بناتے ہوئے لاہور سمیت صوبہ بھر سے منظم جرائم کی بیخ کنی کا عمل مزید تیز کیا جائے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ افسران ماتحت فورس کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں،کمانڈ کی جانب سے ملنے والی موٹیویشن کو نچلی سطح پر منتقل کریں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کو انصاف کی باآسانی اور فوری فراہمی کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں لاہور پولیس کے کرائم فائٹر افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جرائم کی سرکوبی میں شاندار کارکردگی کی حامل پولیس ٹیموں کو کیش انعامات و تعریفی اسناد سے نوازا۔آرگنائزڈ کرائم ونگ کی 12، انویسٹی گیشن کی 06 اور آپریشن ونگ کی 01 ٹیم کی انعامات سے حوصلہ افزائی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق تعلیمی اداروں میں منشیات سپلائی میں ملوث نائجیرین اور جارڈن گینگز کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو تعریفی اسناد و انعام سے نوازا گیا، ڈکیتی معہ قتل کی وارداتوں میں مطلوب ٹوپی گینگ کے ملزمان کو گرفتار کرنے پر انسپکٹر وقاص بخاری و ٹیم کو انعامات سے نوازا گیا، خیبر پختونخواہ سے منشیات سپلائی میں ملوث ملزم خلیل الرحمٰن کی گرفتاری اور بھاری مقدار میں منشیات برآمدگی پر انسپکٹر جسیم احمد و ٹیم کو انعامات سے نوازا گیا۔قتل کی مختلف وارداتوں میں مطلوب حافظ گروپ، شہباز کچہ گروپ اور ملک وقاص گروپ کے ملزمان کو گرفتار کرنے پر سب انسپکٹر عمر دراز کو انعامات سے نوازا گیا۔اندھے قتل، ڈکیتی اور مختلف وارداتوں میں مطلوب خطرناک ملزمان کو گرفتار کرنے پر دیگر پولیس ٹیموں کو تعریفی اسناد و انعامات سے نوازا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، اے آئی جی ایڈمن محمد رضوان احمد خان، اے آئی جی ڈسپلن آصف امین اعوان، ایس ایس پی سکیورٹی عبدالوہاب لاہوراور ایس پی ہیڈ کوارٹر ٹریفک پولیس لاہور سہیل فاضل سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر644)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Friday, June 28, 2024