Jun 26, 2024
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم میں ملوث خطرناک مجرموں کی سرکوبی کرنے والے کرائم فائٹر پولیس افسران و اہلکاروں کی کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز، قتل، ریپ، اغوا برائے تاوان کے مقدمات کامیابی سے ورک آؤٹ کرنے والے افسران واہلکاروں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جس میں ڈاکٹر عثمان انور نے ضلع ڈیرہ غازی خان کی 04، لیہ کی 07، راجن پور کی 05، مظفرگڑھ کی 07 پولیس ٹیموں کو انعامات سے نوازا۔ تفصیلات کے مطابق زیادتی کیس کے ملزم کو عدالت سے سزائے موت دلوانے پر سب انسپکٹر آسیہ سرفراز اور ٹیم کو کیش انعامات و تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی گئی، ہنی ٹریپ کے ذریعے خطرناک ملزمان کو بلوچستان سے گرفتار کرنے پر لیڈی کانسٹیبل ثمرین زمان کو تعریفی سند اور کیش انعام سے نوازا گیا، اغوا برائے تاوان کے ملزمان کی گرفتاری، مغوی محمد ندیم کی بحفاظت بازیابی پر انسپکٹر محمد رمضان کو تعریفی سند اور انعام سے حوصلہ افزائی کی گئی۔ تین بچیوں کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو پیشہ ورانہ مہارت سے گرفتار کرنے پر سب انسپکٹر صابر کلاسرا کو تعریفی سند و انعام سے نوازا گیا، 17 مقدمات میں مطلوب خطرناک کچہ کریمنل سیف اللہ کھرکانی کو ساتھی سمیت کیفر کردار تک پہنچانے پر سب انسپکٹر ظہیر الدین اور ٹیم کی تعریفی اسناد و انعامات سے حوصلہ افزائی کی گئی۔
(روز نامہ جناح)
**********************
