آئی جی پنجاب کی سنگین جرائم میں ملوث خطرناک مجرموں کی سرکوبی کرنے والی کرائم فائٹر پولیس ٹیموں کی حوصلہ افزائی

آئی جی پنجاب کی سنگین جرائم میں ملوث خطرناک مجرموں کی سرکوبی کرنے والی کرائم فائٹر پولیس ٹیموں کی حوصلہ افزائی
آئی جی پنجاب نے ڈیرہ غازی خان کی 04، لیہ کی 07، راجن پور کی 05، مظفرگڑھ کی 07 ٹیموں کوکیش انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا،
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سنگین جرائم میں ملوث خطرناک مجرموں کی سرکوبی کرنے والے کرائم فائٹر پولیس افسران و اہلکاروں کی کیش انعامات اور تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کچہ کریمنلز، قتل، ریپ، اغوا برائے تاوان کے مقدمات کامیابی سے ورک آؤٹ کرنے والے افسران واہلکاروں کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی جس میں ڈاکٹر عثمان انور نے ضلع ڈیرہ غازی خان کی 04، لیہ کی 07، راجن پور کی 05، مظفرگڑھ کی 07 پولیس ٹیموں کو انعامات سے نوازا۔
تفصیلات کے مطابق زیادتی کیس کے ملزم کو عدالت سے سزائے موت دلوانے پر سب انسپکٹر آسیہ سرفراز اور ٹیم کو کیش انعامات و تعریفی اسناد سے حوصلہ افزائی کی گئی، ہنی ٹریپ کے ذریعے خطرناک ملزمان کو بلوچستان سے گرفتار کرنے پر لیڈی کانسٹیبل ثمرین زمان کو تعریفی سند اور کیش انعام سے نوازا گیا، اغوا برائے تاوان کے ملزمان کی گرفتاری، مغوی محمد ندیم کی بحفاظت بازیابی پر انسپکٹر محمد رمضان کو تعریفی سند اور انعام سے حوصلہ افزائی کی گئی۔ تین بچیوں کے اندھے قتل میں ملوث ملزم کو پیشہ ورانہ مہارت سے گرفتار کرنے پر سب انسپکٹر صابر کلاسرا کو تعریفی سند و انعام سے نوازا گیا، 17 مقدمات میں مطلوب خطرناک کچہ کریمنل سیف اللہ کھرکانی کو ساتھی سمیت کیفر کردار تک پہنچانے پر سب انسپکٹر ظہیر الدین اور ٹیم کی تعریفی اسناد و انعامات سے حوصلہ افزائی کی گئی، 200 سے زائد اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور 37 لاکھ روپے کا مال مسروقہ برآمد آمد کرنے پر سب انسپکٹر کرم الہی کو تعریفی سند و کیش انعام سے نوازا گیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ منظم جرائم کے خاتمے اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کیلئے جذبہ جہاد اور خدمت خلق سے فرائض ادا کئے جائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ محنتی، فرض شناس اور قابل افسران و اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب، اے آئی جی ڈسپلن، ایس ایس پی آپریشنز لاہور اور ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن لاہور سمیت دیگر افسران نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
 
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر633)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Tuesday, June 25, 2024