محرم الحرام کی آمد: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور مذہبی جلوسوں اورمجالس کے پر امن انعقاد کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دینے کی ہدایت

محرم الحرام کی آمد: آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور مذہبی جلوسوں اورمجالس کے پر امن انعقاد کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دینے کی ہدایت
تمام مکاتب فکر کے علما کرام، امن کمیٹیوں کی مشاورت سے ایشوز قبل از وقت حل کر لئے جائیں، ڈاکٹر عثمان انور
اقلیتی شہریوں کی جان و مال، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہ کریں، آئی جی پنجاب
 آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم ویڈیو لنک اجلاس،تمام سپروائزری افسران کو ہدایات جاری
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر عزاداری جلوسوں اورمجالس کے پر امن انعقاد کیلئے لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا جائے،تمام مکاتب فکر کے علما کرام، امن کمیٹیوں کی مشاورت سے ایشوز قبل از وقت حل کر لیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ حساس جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز سمیت جدید آلات و ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے،آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اقلیتی شہریوں کی جان و مال، مذہبی مقامات کی سکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہ کریں، اقلیتی عبادت گاہوں کے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے سپروائزری افسران باقاعدگی سے انسپکشن یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایف آئی آرز کا بروقت اندراج، میرٹ پر تفتیش، چالاننگ یقینی بنائیں،حکومت پنجاب کی معاونت سے سیف سٹیز، سمارٹ پولیس سٹیشنز سمیت تمام ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کریں گے، ڈاکٹر عثمان انورنے کہاکہ تھانوں، خدمت مراکز، ٹریفک لائسنسنگ سنٹرز میں کیومیٹک اور آئی ٹی سسٹم درست حالت میں ہوں، آر پی اوز، ڈی پی اوز پولیس سٹیشنز، خدمت مراکز سمیت پبلک سروس سنٹرز کی خود انسپکشن کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں صوبے کے تمام سپروائزری افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔ دوران اجلاس پرفارمنس تجزیہ میکانزم، کرائم کنٹرول، ڈویلپمنٹ ورکس، پبلک سروس ڈلیوری کے امور زیر غور آئے جبکہ سیف سٹیز پراجیکٹس، اقلیتوں کی سکیورٹی، 1787 کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، ایف آئی آرز کے اندراج سمیت اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ علاقائی نمائندوں، چیمبرز آف کامرس، تاجروں، صنعتکاروں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے باقاعدگی سے میٹنگز کریں،آئی جی پنجاب نے کہاکہ منظم جرائم کے خاتمے کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں کریک ڈاؤن کو مزید موثربنایا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے موثرا ستعمال سے شہریوں کو پولیسنگ سروسز فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جیز ڈی آئی جیزاور سینئر پولیس افسران موجود تھے جبکہ تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر632)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Tuesday, June 25, 2024