Jun 21, 2024
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر عیدالاضحٰی کے موقع پرصوبہ بھر میں غیر قانونی طور پر قربانی کی کھالیں جمع کرنے والی کالعدم تنظیموں کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن جاری رہا، حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر بلاتفریق قانونی کاروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں غیر قانونی طور پر کھالیں جمع کرنے پر مختلف کالعدم تنظیموں کے خلاف 141 مقدمات درج کئے گئے، محکمہ داخلہ کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 124 قانون شکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت میں 115 قانون شکنوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ 108 مقدمات درج کئے گئے، فیصل آباد میں 10 مقدمات درج کرتے ہوئے 04 قانون شکن گرفتا ر کیے گئے، مظفر گڑھ میں 10، حافظ آباد میں 04، جہلم میں 02 اور سیالکوٹ میں بھی 02 مقدمات درج کئے گئے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ حکومتی ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے والی تنظیموں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
(روز نامہ جہان پاکستان)
٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭٭