بھٹیاں (نامہ نگار) تحصیل کچہری میں تعینات کانسٹیبل نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔ تھانہ سٹی کی حدود محلہ علی ٹاؤن کے رہائشی محمد رضوان کو دو نامعلوم موٹرسائیکل سوار مغرب کے وقت اغواکر کے لے جا رہے تھے کہ کچہری روڈ پر پہنچے تو وہاں کانسٹیبل وسیم عباس واک کر رہا تھاجس کی ڈیوٹی کچہری میں سکیورٹی پر ہے ، اسے شک ہوا کہ موٹر سائیکل پر سوار بچہ بے ہوش ہے تو اُس نے موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر انہوں نے موٹرسائیکل بھگا لیا اور کچے راستے پر لے گئے جس پر وسیم عباس نے تعاقب شروع کر دیا تو کچھ فاصلے پر جا کر انہوں نے نیم بے ہوش بچے کو کھیتوں میں پھینک دیا اور فرار ہو گئے ،کانسٹیبل وسیم عباس نے مقامی پولیس کو اطلاع دی اور بچے کو فوری ہسپتال پہنچا دیا ۔ واضح رہے کہ شہر میں بچوں کے اغوا کی وارداتیں ہو رہی ہیں جس پر والدین پریشانی میں مبتلا ہیں ۔شہریو ں کا کہنا ہے کہ سٹی پولیس کو سی سی ٹی وی کیمروں کے زریعے اغوا کاروں کا کھوج لگانا چاھیے تاکہ درندے انجام کو پہنچ سکیں۔