سی پی او کے قریب شہری اصغر سہیل کے خود سوزی کی کوشش کرنے کے معاملہ کے حقائق،
بعض چینلز پر اصغر سہیل کے آئی جی آفس صبح 07 بجے آنے اور ملاقات نہ کروائے جانے کی نشر کی گئی خبر درست نہیں، ترجمان پنجاب پولیس
سنٹرل پولیس آفس کے قریب شہری اصغر سہیل کی خود سوزی کی کوشش کرنے کے معاملہ کے حقائق بیان کرتے ہوئے ترجمان پنجاب پولیس نے کہا ہے کہ بعض چینلز پر اصغر سہیل کے آئی جی آفس صبح 07 بجے آنے اور ملاقات نہ کروائے جانے کی نشر کی گئی خبر درست نہیں ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سی پی او بلڈنگ اور متصل روڈ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کے مطابق اصغر سہیل پہلی بار دوپہر 01 بجکر 47 منٹ پر تھانہ پرانی انار کلی کی طرف سے نمودار ہوا، ہلکے سبز کپڑوں میں ملبوس شہری اصغر سہیل کچھ کاغذات تھامے ہوئے تھا، اصغر سہیل مشکوک انداز میں چلتا ہوا سی پی او بلڈنگ کے سامنے کیتھیڈرل سکول کی طرف گیا، کیتھیڈرل سکول سے اصغر سہیل سی پی او کے سامنے سڑک کے درمیان گرین بیلٹ پر آ گیا، سی پی او کے باہر پٹرولنگ کرتی ایلیٹ پولیس کی گاڑی کے ڈرائیور حمید نے 1:55 پر اصغر کی مشکوک حرکات نوٹ کیں، ایلیٹ کانسٹیبل ڈرائیور حمید نے گاڑی سے نکل کر اصغر سے پوچھ گچھ کے لئے روکنے کی کوشش کی، اصغر نے ایلیٹ پولیس کے اہلکار کو دیکھ کر خود کو آگ لگا لی، ایلیٹ پولیس ڈرائیور حمید نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اصغر کو بچانے کی کوشش کی، اصغر کو بچانے کی کوشش میں ایلیٹ پولیس اہلکار خود بھی بری طرح جھلس گیا، سی پی او سکیورٹی پر تعینات ایس پی یو کے جوانوں نے مل کر اصغر کی آگ بجھائی، اصغر اور ایلیٹ اہلکار حمید کو سی پی او کی ایمبولینس اور اہلکاروں کی سپرویژن میں میو ہسپتال طبی امداد کے لئے روانہ کیا گیا، ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ واقعہ کے تمام حقائق سی سی ٹی وی فوٹیج میں محفوظ ہیں، درخواست ہے کہ حقائق کے برعکس خبر نشر کرنے سے گریز کیا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر568)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************
Press Release Date:
Thursday, June 6, 2024