لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے معاشرے کے امن و اصلاح، شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں ممبر و محراب کا اہم کردار کو مد نظر رکھتے ہوئے کمیونٹی پولیسنگ کیلئے ایک اور مستحسن اقدام اٹھایا ہے، آئی جی پنجاب کی ہدایت پر آر پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران نے جمعتہ المبارک کے موقع پرنماز جمعہ کے بعد علاقائی مساجد کے دورہ کئے، سینئر پولیس افسران نے مساجد میں شہریوں کے مسائل سن کر ازالے بارے احکامات جاری کئے اور شہریوں کو پولیس کی طرف سے دی جانے والی خدمات اور سہولیات سے آگاہ بھی کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ معاشرے کی اصلاح، تعمیر و ترقی میں مساجد کی ضرورت اور افادیت سے انکار ممکن نہیں، اسلام کی روح اور تعلیمات کے مطابق مساجد کو کمیونٹی سے رابطے کا مرکز بنایا جائیگا۔ سینئر افسران مساجد کے ذریعے شہریوں کے گھر کی دہلیز پر ان کے مسائل سن کر بروقت ازالہ یقینی بنائیں۔ پولیس افسران شہریوں کو پولیس کی طرف سے دی جانیوالی جدید خدمات اور سہولیات سے آگاہ کریں تا کہ بوقت ضرورت وہ باآسانی ان سے استفادہ کر سکیں۔ پولیس اور شہریوں کے درمیان رابطہ، تعاون اور اعتماد کی فضا کو مزید مستحکم کیا جائے۔ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ پولیس فورس کو درپیش پیشہ ورانہ اور ذاتی مسائل کا ازالہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے، تمام افسران اس حوالے سے ترجیحی اقدامات یقینی بنائیں۔ پولیس ملازمین کے پیش کردہ مسائل اور درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔
(روز نامہ نوائےوقت)
************************