لاہور(کر ائم رپو رٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس فورس کو درپیش پیشہ ورانہ اور ذاتی مسائل کا ازالہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے تمام افسران اس حوالے سے ترجیحی اقدامات یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ماتحت اہلکاروں کے ساتھ رابطہ کاری کو مزید بہتر کیا جائے، افسران بہترین کمانڈر کے طور پر فورس کی مشکلات کا ازالہ کرکے ان سے بہتر سے بہتر پرفارمنس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گز شتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ڈاکٹر عثمان انورنے پولیس ملازمین کے پیش کردہ مسائل اور درخواستیں سن کر ریلیف بارے احکامات جاری کئے۔ آئی جی پنجاب نے غازی کانسٹیبل عاصم شہزاد کے والد کی جانب سے علاج معالجے میں تعاون کی درخواست پر ڈی آئی جی ویلفیئر کو ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کی، راولپنڈی کے سب انسپکٹر محمد پرویز مختار کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو میرٹ پر ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
(روز نامہ پاکستان)
**********************
