پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کی اہم کاروائی، اغوا و قتل کی واردات میں مطلوب خطرناک اشتہاری 08 برس بعد سعودی عرب سے گرفتار
رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 38 ہو گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں پولیس ٹیم نے اہم کاروائی کرتے ہوئے اغوا و قتل کی واردات میں مطلوب خطرناک اشتہاری کو 08 برس بعد سعودی عرب سے گرفتار کرکے ڈیرہ غازی خان منتقل کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کے باہمی تعاون سے مذکورہ اشتہاری کی گرفتاری ممکن ہوئی، اشتہاری رفیق احمد 2016 سے تھانہ درخواست جمال، ڈی جی خان پولیس کو مطلوب تھا، ملزم رفیق احمد پر دسویں جماعت کے طالبعلم کے اغوا اور قتل کا مقدمہ درج ہے، ملزم بعد از واردات روپوش ہو کر بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ملزم کا ریڈ نوٹس جاری کروایا، گرفتاری کیلئے مسلسل فالو اپ جاری رکھا۔ انٹرپول اسلام آباد اور انٹرپول ریاض کی کوارڈینیشن سے ملزم کو سعودی پولیس نے گرفتار کرکے پاکستان ایکسٹراڈائیٹ کیا۔ ڈی جی خان پولیس ٹیم نے ائیر پورٹ سے مجرم کو اپنی حراست میں لے لیا۔ رواں برس بیرون ممالک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 38 ہو گئی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک اشتہاری کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے جبکہ سنگین مقدمات میں مطلوب دیگر اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر524)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
***************************

Press Release Date:
Sunday, May 26, 2024