آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دورہ سرگودھا، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا،

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا دورہ سرگودھا، جائے وقوعہ کا معائنہ کیا،

 ڈاکٹر عثمان انور کی ڈسٹرکٹ امن کمیٹی اور کرسچین کمیونٹی کے نمائندوں سے  ملاقات، 

سرگودھا پولیس کے بروقت ریسپانڈ نے بڑے نقصان سے بچالیا، آئی جی پنجاب

ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائےگی، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے، آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھا کا دورہ کیا اور مقامی افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ آر پی او اور ڈی پی او سرگودھا نے واقعہ کی تفصیلات اور لا اینڈ آرڈر یقینی بنانے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، آئی جی پنجاب نے سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور اپنی جانیں خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگیاں بچانے پر پولیس جوانوں کو شاباش دی۔ ڈاکٹر عثمان انور  نے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی اور کرسچین کمیونٹی کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور پولیس کے جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سرگودھا پولیس کے بروقت ریسپانڈ اور ایکشن نے بڑے نقصان سے بچالیا۔ سرگودھا پولیس کے بہادر جوان محکمہ پولیس کا فخر ہیں۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ  افسوسناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائےگی۔ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ٹھوس لائحہ عمل ترتیب دیا جا رہا ہے۔آئی جی پنجاب نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک نبی پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی حرمت اور قرآن پاک کی عزت و تکریم کا معاملہ ہے وہ ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے اور قانون کا حصہ بھی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں دی جا سکتی ، تشدد کے ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی ہوگی جبکہ قرآن شریف کی بے حرمتی کا پرچہ بھی درج کیا جا چکا ہے اور مزید قانونی کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ واقعہ کی فوٹیجز موجود ہیں ، جیو فینسنگ کے ریکارڈ ، امن کمیٹی اراکین اور تمام شواہد کی روشنی میں قانون اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔انہوں نے  مزید کہا کہ کسی بے گناہ کو جیل نہیں بھیجا جائے گا اور نہ ہی کسی قصور وار کو چھوڑا جائے گا جبکہ واقعہ کے ماسٹر مائنڈ کا تعین کرکے اسکے خلاف قانونی کاروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔ میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس ایسے واقعات کا پہلے بھی سامنا کر چکی ہے۔ اس معاملے میں بھی قانون اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ سرگودھا میں حالات مکمل طور پر پر امن ہیں، میڈیا سے گذارش ہے کہ وہ اپنی رپورٹنگ میں حقیقی صورتحال کی عکاسی کرے ۔

 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر523)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

 
Press Release Date: 
Saturday, May 25, 2024