راولپنڈی(خبر نگار)134 سال بعد پنجاب پولیس کو جانوروں کے تحفظ کیلئے اختیارات مل گئے فوجداری مقدمات درج ہونگے ، آئی جی پنجاب نے ایس او پی جاری کر دیا۔ پولیس جانوروں کی منڈیوں، گوشت کے کاروبار اور پالتوں جانور پالنے والوں کو چیک کر سکے گی،بٹیر ،مرغ اور کتوں کی لڑائی پر جانور ضبط کر لئے جائیں گے ،اس حوالے سے اینیمل ریسکیو سنٹر راولپنڈی میں ہیلپ لائن قائم کرکے خصوصی سکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے ،انچارج پولیس اینیمل ریسکیو سنٹر ڈاکٹر رانا ارسلان اطہر نے بتایا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے رواں ماہ جانوروں سے متعلق خصوصی ایس او پی جاری کیا، جس پر راولپنڈی میں عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے جانوروں پر مظالم اور ان کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج ہونگے ،ایس او پی کے تحت راولپنڈی میں پہلا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے ،ایس او پی کے تحت اینیمل ریسکیو سنٹر کو ڈیری فارمز ،جانوروں کی منڈیوں ، گوشت اور پالتو جانوروں کے کاروبار اور شوق سے جانورپالنے والوں کو چیک کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں،اس ضمن میں پولیس کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 289 ت پ 428 ت پ 429 اور 377 کے تحت مقدمات کے اندراج کے بھی اختیارات دیئے گئے ہیں۔
(روز نامہ دنیا)
************************