ٹریفک وارڈن کو گالی دینے والی خاتون کیخلاف کاروائی کا حکم

May 21, 2024
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک وارڈن شاہد حسین کو گالی دینے والی کار سوار خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ٹریفک وارڈن شاہد حسین کو  دفتر مدعو کیا اوردوران ڈیوٹی تحمل اور برداشت کا مثالی مظاہرہ پیش کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پنجاب نے گالی کے جواب میں شکریہ کے الفاظ کی ادائیگی، تحمل مزاجی پر شاہد حسین کی تعریفی سند اور کیش انعام سے حوصلہ افزائی کی۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ٹریفک وارڈن شاہد حسین 18 مئی کو صدیق ٹریڈ سنٹر فوارہ چوک پر فرائض سر انجام دے رہے تھے،فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے مذہبی جماعت کی ریلی کے باعث ٹریفک کا دباؤ تھا،ٹریفک پولیس کی طرف سے متبادل راستے (ڈائیورشن) سے ٹریفک کا نظام رواں رکھا گیا، اسی دوران نامعلوم کار سوار خاتون ٹریفک اہلکار کو گالی دے کر موقع سے فرار ہوگئی،ڈیوٹی پر موجود ٹریفک اہلکار شاہد حسین نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے گالی کے جواب میں Thank you کہا،کار سوار خاتون کے غیر اخلاقی رویے کو ریلی میں موجود 01 شہری نے موبائل میں عکسبند کر لیا اور مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی.
(روز نامہ ایکسپریس)
*******************