وزیراعلیٰ مریم کا ٹرانسپورٹ کرائے کم کرانیکا حکم ، جنسی زیادتی کی سزا 15سال تک بڑھانے کا جائزہ ، پولیس کو جدید ٹیکنالوجی ڈرونز کیلئے فنڈز منظور

May 18, 2024

لاہور(خصو صی نمائندہ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایلیٹ فورس کی وردی پہن کر پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی ، ایلیٹ کمانڈوز کی حمزہ کمپنی اور عائشہ کمپنی نے جنرل سلامی پیش کی ،وزیر اعلیٰ نے جیپ پر پریڈ کا معائنہ کیا ، کمانڈوز کوانعامات بھی دیئے ، بہترین کارکردگی پر کیش انعامات کا بھی اعلان کیا ،وزیر اعلیٰ نے جدید اسلحے کا بھی معائنہ کیا ،کمانڈوز کے والدین اور اہل خانہ سے ملاقات بھی کیں ،پریڈ میں خطاب کرتے ہوئے کہا دہشت گردوں سے مقابلے کیلئے پولیس کو آٹھ جدید ترین تھرمل امیجنگ کیمرے دے رہے ہیں ایلیٹ فورس کے 85 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، تمام فورسز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں ۔ پولیس فورس کے پیچھے کھڑی ہوں، جو سہولیات اور ٹیکنالوجی چاہیے مہیا کریں گے۔ پولیس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔وزیراعلی نے کہاکہ انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں ، وہ وقت دور نہیں ہے جب پولیس پہ لگے ہوئے دھبے ہم دھوئیں گے اور لوگ سکون سے اپنے گھروں میں سوئیں گے ،جرائم کو جڑ سے ختم کرنے کئلیے مکمل وسائل دینگے ۔بعد ازاں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایلیٹ پولیس فورس ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں آئی جی پنجاب نے امن وامان کی صورت حال پر بریفنگ دی۔،

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرائم کو ہر صورت میں ختم کرنا ہے جس کیلئے پولیس کو تمام وسائل فراہم کریں گے پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس افسروں اور اہلکاروں کو جدید ٹیکنالوجی پر دسترس کیلئے ٹریننگ دی جا رہی ہے۔دوران اجلاس پولیس، پراسیکیوشن اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ میں بہتری کیلئے اقدامات پر پیشرفت اور ریپ کی سزا 10 سے 15 سال تک بڑھانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں گینگ ریپ، بچوں سے زیادتی اور گھریلو ملازمین پر تشدد کے واقعات کے سدباب کے لئے مؤثر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا جبکہ پولیس کو کواڈ کاپٹر ڈرون اور دیگر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کیلئے فنڈز کے اجرا کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پولیس کو پورے وسائل مہیا کریں گے، کرائم کو ہر صورت میں ختم کرنا ہے۔ ایک اجلاس میں وزیراعلیٰ نے تیل کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی یقینی بنانے کا حکم دے دیا وزیراعلی نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو پہنچایا چاہیے-ٹرانسپورٹ کے کرائے اشیائے خورد ونوش سمیت تمام دیگر اشیاء کے نرخ پر اثر انداز ہوتے ہیں -ٹرانسپورٹ کرائے کم کر کے عوام کو ریلیف دینگے- وزیراعلی نے لاہور میں ایک سرے سے دوسرے سرے تک ٹرانسپورٹ کا 5سالہ پلان طلب کر لیا -لاہور میں پرپل اور بلیو لائن ٹرین کیلئے بہترین انٹرنیشنل کنسلٹنٹ سے رجوع کرنیکی ہدایت کی -وزیر اعلیٰ کو صوبے بھر میں 630 ایکو فرینڈلی بسوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

(روز نامہ جنگ)

*********************