پنجاب پولیس بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے تعاقب میں مصروف عمل،مزید دو اشتہاری گرفتار کر لئے گئے۔

پنجاب پولیس بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے تعاقب میں مصروف عمل،مزید دو اشتہاری گرفتار کر لئے گئے۔
 اشتہاری عبد المجید سیالکوٹ میں دوہرے قتل جبکہ جہاں خان نے ڈیرہ غازی خان میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس کے تسلسل میں قتل کی وارداتوں میں مطلوب مزید دو خطرناک اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار کر لئے گئے، تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ پولیس کو دوہرے قتل کی واردات میں مطلوب اشتہاری عبد المجید 08 برس بعد گرفتار کر لیا گیا، اشتہاری عبدالمجید نے 2016 میں سیالکوٹ میں دو شہریوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا، ملزم واردات کے بعد سعودی عرب فرار ہوگیا، پنجاب پولیس نے انٹر پول سے ریڈ نوٹس جاری کروا کر مسلسل فالو اپ جاری رکھا، سعودی پولیس کی خصوصی ٹیم اشتہاری کو ہمراہ لے کر اسلام آباد پہنچی اور ائیر پورٹ پر ملزم کو پنجاب پولیس کے حوالے کیا۔ دوسرے اشتہاری جہان خان نے دو برس قبل ڈیرہ غازی خان میں شہری کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا ور بیرون ملک فرار ہوگیا، پنجاب پولیس نے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کروایاتھا، ملزم کو لاہور ائیر پورٹ پر گرفتار کیاگیا، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 35ہوگئی ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے خطرناک اشتہاریوں کی سعودی عرب سے گرفتار کرنے پرپولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہاکہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ سنگین مقدمات میں مطلوب دیگر خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر482)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Wednesday, May 15, 2024