پنجاب پولیس کی بڑی کاروائی، قتل کی واردات میں 10 برس سے مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم ملائیشیا سے گرفتار
مجرم اشتہاری محمد توقیر نے 2014 میں تھانہ دھلے گوجرانوالہ کی حدود میں شہری کو قتل کیا تھا، ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے پنجاب پولیس کی کاروائیاں جاری ہیں جن کے تسلسل میں پنجاب پولیس نے اہم کاروائی کرتے ہوئے قتل کی واردات میں 10 برس سے مطلوب خطرناک اشتہاری مجرم کو ملائیشیا سے گرفتار کر لیا ہے۔ اشتہاری مجرم محمد توقیر نے 2014 میں تھانہ دھلے گوجرانوالہ کی حدود میں شہری کو قتل کیا تھا، مجرم 10 برس سے اشتہاری اور پنجاب پولیس کو مطلوب تھا، اشتہاری مجرم کو انٹرپول اسلام آباد کی مدد سے سپیشل آپریشنز سیل نے ملائیشیا سے ٹریس کرکے گرفتار کیا ، قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد ملزم محمد توقیر کو پاکستان منتقل کر دیا گیا، ائیر پورٹ پر مجرم محمد توقیر کو گوجرانوالہ پولیس نے اپنی تحویل لے لیا ۔رواں برس بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 31 ہو گئی ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بیرون ملک سے خطرناک اشتہاری کو گرفتار کرنے پر سی پی او گوجرانوالہ رانا ایاز سلیم اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ قانونی کاروائی جلد مکمل کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ انٹرپول ، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے تعاون سے زیادہ سے زیادہ اشتہاریوں کو گرفتار کرکے واپس لایا جائے۔
(ہینڈ آؤٹ نمبر469)
سیدمبشر حسین
ڈائریکٹر پبلک ریلیشن
پنجاب پولیس
**************************
Press Release Date:
Sunday, May 12, 2024