جگر اور گردوں کے مرض میں مبتلا پولیس ملازمین کے ٹرانسپلانٹ اخراجات کا دیرینہ مسئلہ حل

May 06, 2024

 

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس ملازمین کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے ایک اور تاریخی اقدام اٹھایا ہے جس کے تحت جگر اور گردوں کے مرض میں مبتلا پولیس ملازمین کے ٹرانسپلانٹ اخراجات کا دیرینہ مسئلہ حل ہو گیا ہے ۔ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹیٹیوٹ اور پنجاب پولیس کے مابین معاہدے پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت جگر اور گردوں کے امراض میں مبتلا پولیس ملازمین کے 100 فیصد فری ٹرانسپلانٹ آپریشنز کئے جا رہے ہیں، ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ پنجاب پولیس کے کانسٹیبل ظفر عباس خان کے کڈنی ٹرانسپلانٹ کے 100 فیصد اخراجات کی ادائیگی کے لئے فنڈز جاری کر دئیے گئے ہیں، ہیلتھ ویلفیئر کے مثالی اقدام اور شاندار سہولت مہیا کرنے پر پولیس ملازمین نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے اظہار تشکر کیا ہے ۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پی کے ایل آئی اور پنجاب پولیس کے مابین معاہدے کے تحت پولیس ملازمین کے گردہ و جگر ٹرانسپلانٹ آپریشنز مفت سر انجام پا رہے ہیں ، پی کے ایل آئی کے خصوصی ڈسکانٹ کے بعد ٹرانسپلانٹ کے باقی تمام اخراجات محکمہ پولیس ادا کر رہا ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس فورس کی ہیپاٹائٹس بی اور سی کی ویکسینیشن مکمل کروا دی گئی جبکہ سنگین بیماریوں میں مبتلا ملازمین کے علاج کیلئے پوری فورس کی ہیلتھ سکریننگ بھی کروائی گئی ہے، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ہیلتھ مسائل سے دوچار پولیس ملازمین کو بیماری کے خلاف جدوجہد میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا اور ویلفیئر برانچ اس حوالے سے اپنا ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

(روز نامہ نوائےوقت)

**********************