صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیاں، 141ملزمان گرفتار

Apr 16, 2024

لاہور (کر ائم رپو رٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر منشیات کے خاتمے اور ڈرگ فری پنجاب کیلئے صوبے کے تمام اضلاع میں پولیس ٹیموں کے ٹارگٹڈ آپریشنز جاری 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 321 ریڈز کی گئیں، منشیات کے کاروبار میں ملوث ملزمان کیخلاف 138 مقدمات درج کرتے ہوئے 141 ملزمان کو گرفتا ر کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 61 کلو چرس، 2454 لٹر شراب و دیگر منشیات برآمد کی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ لاہور سمیت مختلف اضلاع میں خصوصی مہم کے دوران منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 14 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے ہیں، گذشتہ 49 دنوں میں منشیات فروشوں کے خلاف 7047 مقدمات درج کرتے ہوئے 7500 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کے قبضے سے 4897 کلوگرام چرس، 26 کلو گرام سے زائد آئس، 210 کلو گرام افیون، 88 کلو گرام ہیروئن اور 42132 لٹر شراب برآمد کی گئی۔ 

(روز نامہ پاکستان)

********************