یوم علی ؓ ‘سکیورٹی پر 24ہزار سے زائد پولیس افسر‘اہلکار تعینات

Apr 01, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ کہ اکیس رمضان المبارک یوم شہادت حضرت علی رضی اللہ عنہ کے موقع پر سکیورٹی انتہائی سخت ہو گی۔ پنجاب پولیس کے 24 ہزار سے زائد افسران و اہلکار عزاداری جلوسوں، مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ صوبہ بھر میں 21 رمضان المبارک کو منعقدہ 192 عزاداری جلوسوں کی سکیورٹی پر 16ہزار افسران اور جوان تعینات ہونگے جبکہ 812 مجالس کی سکیورٹی پر 8 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات ہونگے۔ کیٹیگری اے کے 27 عزاداری جلوس برآمد،  62 مجالس منعقد ہونگی، سنٹرل پولیس آفس میں قائم مرکزی کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ روم سے تمام تر سرگرمیوں کی نگرانی کی جائیگی۔ سیف سٹیز اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کے کیمروں سے عزاداری جلوسوں، مجالس کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائیگی۔ پولیس انتہائی الرٹ رہے، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈکٹیٹرز سے چیکنگ کو یقینی بنائیں، خواتین عزاداروں کی سکیورٹی  چیکنگ کیلئے لیڈی پولیس اہلکار تعینات کی جائیں گی۔ عزاداری جلوسوں میں سادہ لباس میں کمانڈوز، روٹس کی چھتوں پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔  متبادل راستوں سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***********************