آئی جی کا ترقیاتی پراجیکٹس مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کرانے کا حکم

Mar 31, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل پولیس ڈویلپمنٹ سکیموں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح ہے،تمام افسران زیر تکمیل ترقیاتی پراجیکٹس کو ذاتی نگرانی میں مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کروائیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ سنٹرز فار پبلک سیفٹی سمیت پولیس دفاتر میں میں ویٹنگ، کانفرنس و میٹنگ رومز کی سہولت فراہم کی جائے، ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی اور تکمیل کیلئے متعلقہ محکموں سے کوارڈینیشن کو مزید بہتر بنایا جائے۔آئی جی پنجاب نے سمارٹ پولیس سٹیشنز سمیت جاری ترقیاتی پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔اجلاس میں سمارٹ سیف سٹیز کی تکمیل،سپیشل برانچ کی آٹومیشن، دفاتر کی اپ گریڈیشن، پولیس لائنز کی تعمیر و مرمت پر جاری پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اے آئی جی ڈویلپمنٹ نے کہاکہ اے ڈی پی میں شامل 30 پولیس سٹیشنز کی تعمیر  اسی مالی سال کے دوران مکمل کر لیں گے، اجلاس میں آئی جی پنجاب نے پولیس سے متعلقہ مختلف ترقیاتی سکیموں اور سمریوں پر امور کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کیں۔

(روز نامہ نوائےوقت)

*********************