سی پیک منصوبوں کے تناظر میں چینی ماہرین کی سکیورٹی اولین ترجیح:آئی جی پنجاب

Mar 31, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چائنیز قونصلیٹ لاہور کا دورہ کیااور چینی قونصل جنرل ژاؤ شیرن سے ملاقات کی۔انہوں نے شانگلہ خودکش حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ دوران ملاقات پنجاب میں سی پیک کے تحت جاری منصوبوں، چینی شہریوں کے سکیورٹی امور زیر غور آئے۔آئی جی پنجاب نے کہاکہ سی پیک منصوبوں کے تناظر میں چینی ماہرین اور شہریوں کی سکیورٹی اولین ترجیح ہے،چینی باشندوں کی آمدورفت کے تمام روٹس پر ضلعی پولیس اور پی ایچ پی پٹرولنگ مزید سخت اور موثر کر دی گئی ہے۔ چینی باشندوں کے روٹس پر سپیشل پولیس پوسٹوں کے ذریعے مشکوک افراد اور گاڑیوں کی چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے۔ چینی قونصل جنرل ژائو شیر ن نے مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے چینی ماہرین اور شہریوں کی سکیورٹی پراطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ  پنجاب پولیس سی پیک سمیت مختلف پراجیکٹس پر چینی شہریوں کو بہترین سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ معاشی اہمیت کا حامل چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور پاک چین کی دوستی کی اعلی مثال ہے،سپیشل پروٹیکشن یونٹ چینی شہریوں کی سکیورٹی، رہائش گاہوں، دفاتر، ورکنگ سائٹس کی سکیورٹی انتہائی جانفشانی سے سر انجام دے رہی ہے۔ پنجاب پولیس اور چین کے درمیان انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جائیگا۔ چینی شہریوں، ماہرین اور سرمایہ کاروں نے پاکستانی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، دوران ملاقات پنجاب پولیس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے تربیتی کورسز اور جدید وسائل کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(روز نامہ نوائے وقت)

************************