تفتیش جلدمکمل کرکے چالان جمع کروانے کی شرح کو بہتر بنایا جائے، محمد ادریس احمد

Mar 27, 2024

لاہور (کر ائم رپو رٹر)ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس احمد کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں انویسٹی گیشن امور بارے ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے کے تمام ایس ایس پیز، ایس پی انویسٹی گیشن اور دیگر سپروائزری افسران نے شرکت کی، دوران اجلاس ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب نے  10 برسوں کے مقدمات اور چالانوں کی پراگریس رپورٹ کا جائزہ لیا۔اجلاس میں زیر التواء چالان اور زیر تفتیش مقدمات کی شرح بارے ہر ضلع کی فرداً فرداً کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔چالان کی بروقت تکمیل میں لاہور، شیخوپورہ، گجرات، اٹک اور وزیر آباد اضلاع کی کارکردگی کو سراہا گیا ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب نے دیگر اضلاع کو بھی اپنی کارکردگی جلد از جلد بہتر بنانے کا ٹاسک دیا  ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب محمد ادریس احمد نے کہاکہ پراسیکیوٹرز کے ساتھ کلوز کوارڈینیشن سے انٹریرم چالان کی بروقت تکمیل اور جمع کروانے کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ کئے گئے ایم او یو کی روشنی میں باہمی کوارڈنیشن سے زیر تکمیل کام کو جلد نمٹایا جائے۔ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب نے بجلی چوری کیسز کے چالان پراسیکیوٹرز کے ساتھ مل کر جلد مکمل کرتے ہوئے کورٹ بھجوانے کی ہدایت دی۔ محمد ادریس احمد نے مزید کہاکہ قتل، زیادتی اور دیگر سنگین جرائم کے تفتیش کو جلد مکمل کرتے ہوئے چالان جمع کروانے کی شرح کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔

(روز نامہ پاکستان)

*****************