محنتی ‘باصلاحیت نوجوانوں کو فورس کاحصہ بنائیں گے : آئی جی پنجاب

Mar 23, 2024

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ محکمہ پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کیلئے خالی آسامیوں پر محنتی، قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو بھرتی کرکے فورس کا حصہ بنایا جارہا ہے، اسی سلسلے میں لاہور سمیت صوبے کے 26 اضلاع میں کانسٹیبلان کی بھرتی کیلئے تحریری امتحان کا انعقادکیا گیا جس میں ہزاروں امیداروں نے حصہ لیا۔کانسٹیبل، لیڈی کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل اورٹریفک اسسٹنٹ کی 7909 آسامیوں پرمجموعی طور پر 47023 امیدواروں نے تحریری امتحانات دئیے۔ صوبہ کے 26اضلاع میں کانسٹیبل/لیڈی کانسٹیبل کی 6089 آسامیوں پر 36570 امیدوار، ڈرائیور کانسٹیبل کی 190 سیٹوں پر 1163 امیدوارجبکہ ٹریفک اسسٹنٹ کی 1630 آسامیوں پر 9290 امیدوار وں نے امتحان دئیے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 2951 مجموعی سیٹوں پر 5574 امیدواروں نے امتحان دیا، لاہور میں کانسٹیبل کی 2586 آسامیوں پر 4075، ڈرائیور کانسٹیبل کی 50 آسامیوں پر 109 جبکہ ٹریفک اسسٹنٹ کی 315 آسامیوں پر 1390 امیدواروں نے امتحان دیا۔ گوجرانوالہ میں 491، گجرات میں 460، فیصل آباد میں 441، راولپنڈی میں 367 سیٹوں،سرگودھا میں 337، ڈی جی خان میں 231، بہاولپور میں 255، منڈی بہاو¿الدین میں 240، مظفر گڑھ میں 224 آسامیوں پر نئی بھرتی کی جا رہی ہے۔ باقی اضلاع میں بھی سینکڑوں آسامیوں پر ہزاروں امیدوار امتحانات دے رہے ہیں۔ سپروائزری افسران نے تمام اضلاع میں تحریری امتحان کے انتظامات کی خود نگرانی کی اور ہر ضلع میں امتحان کے انعقاد کیلئے پولیس ٹیموں نے مکمل شفاف اور فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔

(روز نامہ نوائےوقت)

***********************