پنجاب پولیس میں نئی بھرتیوں کا عمل، لاہور سمیت 26 اضلاع میں تحریری امتحان کا انعقاد

پنجاب پولیس میں نئی بھرتیوں کا عمل، لاہور سمیت 26 اضلاع میں تحریری امتحان کا انعقاد
کانسٹیبل، لیڈی کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل، ٹریفک اسسٹنٹ کی 7909 آسامیوں پر 47023 امیدوار وں نے تحریری امتحان دیا۔
انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ محکمہ پولیس میں نفری کی کمی کو پورا کرنے کیلئے خالی آسامیوں پر محنتی، قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو بھرتی کرکے فورس کا حصہ بنایا جارہا ہے، اسی سلسلے میں لاہور سمیت صوبے کے 26 اضلاع میں کانسٹیبلان کی بھرتی کیلئے تحریری امتحان کا انعقادکیا گیا جس میں ہزاروں امیداروں نے حصہ لیا،ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ کانسٹیبل، لیڈی کانسٹیبل، ڈرائیور کانسٹیبل اورٹریفک اسسٹنٹ کی 7909 آسامیوں پرمجموعی طور پر 47023 امیدواروں نے تحریری امتحانات دئیے۔ صوبہ کے 26اضلاع میں کانسٹیبل/لیڈی کانسٹیبل کی 6089 آسامیوں پر 36570 امیدوار، ڈرائیور کانسٹیبل کی 190 سیٹوں پر 1163 امیدوارجبکہ ٹریفک اسسٹنٹ کی 1630 آسامیوں پر 9290 امیدوار وں نے امتحان دئیے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں 2951 مجموعی سیٹوں پر 5574 امیدوارو ں نے امتحان دیا، لاہور میں کانسٹیبل کی 2586 آسامیوں پر 4075، ڈرائیور کانسٹیبل کی 50 آسامیوں پر 109 جبکہ ٹریفک اسسٹنٹ کی 315 آسامیوں پر 1390 امیدواروں نے امتحان دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں 491، گجرات میں 460، فیصل آباد میں 441، راولپنڈی میں 367 سیٹوں،سرگودھا میں 337، ڈی جی خان میں 231، بہاولپور میں 255، منڈی بہاؤالدین میں 240، مظفر گڑھ میں 224 آسامیوں پر نئی بھرتی کی جا رہی ہے۔ باقی اضلاع میں بھی سینکڑوں آسامیوں پر ہزاروں امیدوار امتحانات دے رہے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سپروائزری افسران نے تمام اضلاع میں تحریری امتحان کے انتظامات کی خود نگرانی کی اور ہر ضلع میں امتحان کے انعقاد کیلئے پولیس ٹیموں نے مکمل شفاف اور فول پروف انتظامات یقینی بنائے۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر291)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

***************************

Press Release Date: 
Friday, March 22, 2024