آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی جانب سے پولیس ملازمین کی اعلی تعلیم کیلئے اقدامات جاری

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی جانب سے پولیس ملازمین کی اعلی تعلیم کیلئے اقدامات جاری
48 پولیس ملازمین کو ماسٹرز، اعلی ڈگریوں کیلئے 22 ملین روپے کے تعلیمی سکالرشپ جاری کر دئیے۔ ترجمان پنجاب پولیس
انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی جانب سے پولیس ملازمین کو اعلی تعلیم کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری ہیں جس کے تسلسل میں آئی جی پنجاب نے 48 پولیس ملازمین کو معروف نجی یونیورسٹی سے ماسٹرز، ایم فل اور دیگر، اعلی ڈگریوں کیلئے 22 ملین روپے کے تعلیمی سکالرشپ جاری کردئیے ہیں۔ تعلیمی سکالرشپ حاصل کرنے والوں میں کانسٹیبلان، ہیڈ کانسٹیبل، جونیئر کلرک، سب انسپکٹر، پولیس ٹیکنیکل آفیسر سمیت دیگر رینک کے افسران واہلکار شامل ہیں جو یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں جدید ترین مضامین میں اعلی تعلیم حاصل کریں گے۔
ڈی آئی جی ویلفیئر غازی صلاح الدین نے کہا کہ پنجاب پولیس اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ ٹیکنالوجی نے پولیس ملازمین کی اعلی تعلیم کیلئے دو ماہ قبل ایم او یو سائن کیا تھاجس کے تحت پولیس ملازمین کوآرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا سائنسز، پبلک پالیسی، سکیورٹی اینڈ سٹریٹیجک سٹڈیز،میتھ میٹکس، سپلائی چین مینجمنٹ، اکنامکس اور انفارمیشن سسٹم مضامین میں اعلی تعلیم کیلئے وظائف دئیے گئے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس ملازمین کی استعداد کار اور تعلیمی قابلیت میں اضافے کیلئے بھرپور معاونت جاری رہے گی۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ ڈی آئی جی ویلفیئر تعلیمی وظائف سے متعلقہ درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں۔
 

(ہینڈ آؤٹ  نمبر289)

سیدمبشر حسین

ڈائریکٹر پبلک ریلیشن

پنجاب پولیس

****************************

Press Release Date: 
Thursday, March 21, 2024