لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے مطابق خواتین کے تحفظ کیلئے جاری مہم "اب کبھی نہیں" کا دائرہ کار وسیع کریں، خواتین کے خلاف تشدد، ہراسگی، تیزاب گردی، زیادتی کے واقعات پر بلاتاخیر کاروائی عمل میں لائیں۔ خواتین شہریوں کو ڈرائیونگ ٹریننگ، لائسنسنگ اور پولیسنگ سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ وکٹم سپورٹ افسران ٹرانسجینڈرز، متاثرہ افراد کی بھرپور مدد یقینی بنائیں، وکٹم سپورٹ افسران کی ملازمت میں توسیع کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی۔ ٹرانسجینڈرز بچوں کو تعلیم اور رہائش کیلئے لاہور میں تحفظ درسگاہ میں بھجوائیں اور ٹرانسجینڈرز بچوں کیساتھ ہونیوالے استحصال کے خاتمے کیلئے ترجیحی اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے یہ ہدایات سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے اضلاع میں وویمن پولیس کونسل کے قیام و اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا، اے ایس پی سیدہ شہربانو نے کہا کہ ٹرانسجینڈرز بچوں کے تحفظ، تعلیم و تربیت کیلئے تحفظ درسگاہ پراجیکٹ کا دائرہ کار وسیع کر رہے ہیں، اجلاس میں ڈی آئی جی ویلفیئر غازی محمد صلاح الدین اور ایس ایس پی آپریشن علی رضا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
(روز نامہ دنیا)
*******************
